پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ وزیرآباد جلسے میں جاں بحق ہونے والے شہری کو حملہ آور کی نہیں بلکہ عمران خان کے ٹرک پر موجود ایلیٹ فورس کے اہلکار کی گولی لگی تھی۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے جیو نیوز کےپروگرام کیپٹل ٹالک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وزیرآباد میں فائرنگ کے دوران شہری معظم درحقیقت ایلیٹ فورس کے اہلکار کی گولی لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہوا ۔
پروگرام میں فیصل واوڈا نے نام لیےبغیر پی ٹی آئی کے تین رہنماؤں کا ذکر کی اور کہا کہ تین سانپوں نے عمران خان کی حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کےاندر آرمی چیف کوعمران خان کے خلاف بھڑکایا، میں نے آرمی چیف سے کہا کہ عمران خان ایسے نہیں ہیں، آپ دوسروں کی باتوں میں نا آئیں، یہ تین سانپ وزیراعظم بننے کے امیدوار ہیں۔
فیصل واوڈا نےمزید کہا کہ عمران خان کو سمجھ نہیں آرہا کہ کون ان سے کام لے رہا ہے، تین سانپ، کچھ کیڑےاور دو خاص لوگوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا ہے،جن لوگوں نے برہنہ کرنے اور کپڑے اتارنے کے بیانات دیئے ان کی کیا ساکھ ہے؟کچھ کیڑےایسے بھی ہیں جن کے پاس بیڑی پینےکے پیسے نہیں ہیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ فواد چوہدری ایک ایسی چیز کا دفاع کررہے ہیں کہ انہیں اپنی بات ثابت کرنے کیلئے مزید جھوٹ بولنے پڑیں گے، میں نے کہا تھا ارشد شریف کا موبائل اور لیپ ٹاپ نہیں ملے گا دیکھ لیں نہیں ملا۔