عوام کو ووٹ کا حق فراہم کرنے کیلئے نادرا کا اہم اقدام
کوئی بھی شہری ووٹ کے حق سے محروم نہ رہے، نادرا کا شناختی کارڈ فراہمی کیلئے 25 جولائی تک 24 گھنٹے دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ، عملہ ہفتے اور اتوار کو بھی چھٹی نہیں کرے گا، زائد المیعاد شناختی کارڈ رکھنے والے بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔
شناختی کارڈز کی بروقت پرنٹنگ اور 25 جولائی سے پہلے ترسیل یقینی بنانے کیلئے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ہدایت پر ملک بھر میں دفاتر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔چیئرمین نادرا کے مطابق 16 جولائی سے پہلے موصول ہونیوالی درخواستوں کو ترجیح دیتے ہوئے شناختی کارڈ پرنٹ کئے جارہے ہیں، 25 جولائی کو دن 2 بجے تک نادرا دفاتر کارڈ کی ترسیل کیلئے کھلے رہیں گے۔
چیئرمین نادرا کے حکم پر یہ بھی سہولت دی گئی ہے کہ جن افراد کے شناختی کارڈز کی معیاد ختم ہوچکی وہ بھی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 25 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، اے این پی، ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، جی ڈی اے، بی اے پی، پختونخواپ میپ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار مد مقابل ہیں۔
https://www.samaa.tv/urdu/pakistan/2018/07/1206672/