Osama Altaf
MPA (400+ posts)
جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ۔پاکستانی عوام کے نام پیغام 1
2013کے عام انتخابات صاف شفاف اور قانون کے مطابق تھے،منظم دھاندلی کے شواہد نہیں ملے،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہیں۔حکومت اب یکسوئی اور اطمینان سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گی،ہر شہر میں میٹرو منصوبہ شروع ہوگا،لاہور میں بلٹ ٹرین سروس شروع کی جائیگی،حکومت انہی عوام دوست پالیسیوں سے اپنی مدت مکمل کریں گی اور ایک بار پھر "صاف شفاف " انتخابات کے ذریعہ اقتدار میں آئیگی۔عمران خان اور تحریک انصاف نے قوم کا وقت ضائع کیا،دو سال سے دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹا لیکن "کھودا پہاڑ نکلا چوہا"،کمیشن کی رپورٹ سے دھاندلی کا "سین ڈراپ" ہوگیا۔قوم کو پتا چل گیا کہ عمران خان کی حیثیت ایک سوشل ورکر سے زیادہ نہیں،سیاست سے تو ان کا دور کا بھی واسطہ نہیں،عوام کو چاہیے کہ عمران خان جیسے نابلد آدمی کے مساوی تعلیم،بنیادی صحت،آزاد پولیس اور مضبوط اداروں جیسی ہوائی باتوں کی طرف توجہ نہ دے،ویسے بھی خان صاحب کی باتوں سے قوم میں مایوسی پھیل رہی ہیں،ملک الحمدللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،معیشت مضبوط ہورہی،عوام کو اور کیا چاہیے؟؟
ترقی یافتہ ممالک میں زیر آب شہر پ آباد کیے جاتے ہیں لیکن شہباز شریف نے دان رات کی انتھک محنت سے پنجاب کے جنوبی علاقے سمندر کے اوپر آباد کردیے ،ایک دو نہیں پورا جنوبی پنجاب لیہ سےرحیم یار خان تک سمندر کے اوپر ہیں،یاد رہیں کہ خادم اعلی اس عظیم منصوبہ کے لیے عید کی چھٹیوں میں بھی لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک بریفنگ لے رہے تھے اور ہدایات دیں رہے تھے۔ رہی بات بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی،تو قوم کو چاہیے صبر سے کام لیں،آئندہ عشروں میں دنیا کے حالات نہ جانے کیسے ہو،جنگیں ہورہی ہو،اس وقت تو بجلی ویسے ہی نہیں ہوگی، ابھی سے اس وقت کی تیاری کرنی چاہیے،تاکہ جنگوں کے دوران ہم عادی ہوچکے ہو،عمران خان کا لوڈشیڈنگ کے خلاف بیانات دینا تو بظاہر عوام کی ہمدردی میں ہیں لیکن اس کے پیچھے ایک یہودی لابی ہیں جو یہ چاہتی ہے کہ پاکستانی عوام آسائشوں رہ کر سست ہوجائے اور آئندہ آنے والے مشکل حالات کا مقابلہ نہ کرسکے،وہ تو شکر ہے اللہ نے ہمیں زرداری اور شہباز شریف جیسے محب وطن حکمران عنایت کیے جنہوں نے قوم کو آئندہ آنے والے جنگی معاشی اقتصادی ہر طرح کے برے حالات کے لیے مکمل تیار کردیا ہیں۔
لوگ کہتے ہیں پاکستان میں 11 کروڑ لوگوں کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں،ایک کروڑ سے زائد بچے اسکول سے باہر ہیں 50٪ آبادی صاف پانی سے محروم ہیں ،اس صورتحال میں ایک غریب آدمی میٹرو بس کا کیا کریں؟حقیقۃ یہ گستاخانہ جملے ہی ہماری تباہی کا سبب ہیں،حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے ایسی شاندار بس سروس شروع کی ہے کہ آدمی کو یقین نہ آئے کہ وہ پاکستان کے کسی شہر میں ہیں!! لیکن اس کے باوجود عوام کی ناشکری کا حال یہ ہے کہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آتے ہیں،توڑ پھوڑ ہوتی ہیں ،حالانکہ اسلام نے فساد فی الارض(زمین میں فساد) کی بالکل بھی اجازت نہیں دی،جہاں تک ماڈل ٹاؤن میں قتل و غارت کی بات ہے تو وہ فساد نہیں سلطان اللہ فی الارض(شرعی حاکم) کی توہین کا سدباب تھا۔
آخر میں قوم کو جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ پر ایک بار پھر مبارکباد،امید ہیں اس فیصلہ کے بعد جمہوریت کے چیمپئن آصف زرداری، عوام کے خادم نواز شریف ،امن پسند ایم کیو ایم ،آئین کےپاسدار فضل الرحمن اور سب سے بڑھ کر ہمارے سر کے تاج معزز چیف جسٹس ناصر الملک صاحب کے زیر سایہ پاکستانی عوام ترقی وخوشحالی کی وہ منزلیں طے کریں گے جس میں فسادی دھرنے حائل ہوگئے تھے ۔اب نہ دھرنے ہوں گے نہ دھاندلی کا رونا،اب صرف روشن پاکستان ہوگا جس میں وزیرستان کے متاثرین،تھر کے بھوکے ،غریب کسان،وڈیرے، زمیندار،سیاستدان،صحافی ،حکمران سب مل جل کر بغیر شکوہ شکایات کےغم درد بانٹ کر خوشی کے زندگی بسر کریں گے۔
اسامہ الطاف ۔ جدہ
- Featured Thumbs
- http://i.dawn.com/large/2014/12/5483ce9980f2f.jpg?r=1824645745
Last edited by a moderator: