واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوشش کریں گے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا پُرامن حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا بھی عزم ظاہر کیا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔
جنگ بندی کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے بروقت اور دانشمندانہ فیصلہ کیا، جس سے ایک بڑی تباہی اور ممکنہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ امریکہ نے اس اہم پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا، جسے دونوں ممالک نے مکمل طور پر تسلیم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان نے مکمل جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے اور یہ فیصلہ ہوش مندی اور بصیرت کا مظہر ہے۔
Last edited by a moderator: