لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تسلسل جاری ہے، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 583.55 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے روز زبردست تیزی کا تسلسل جاری ہے، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی مزید 6 حدیں بحال ہو گئی ہیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 38200، 38300، 38400، 38500، 38600، 38700 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزبھی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، 100 انڈیکس میں آج 327.67 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے انڈیکس کی 4 حدیں بحال ہوئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 37800، 37900، 38000، 38100 کی حد شامل تھیں جبکہ انڈیکس 38122.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کا خاتمہ، عالمی اداروں کی معیشت کے بارے میں بہتری کی نوید، آئی ایم ایف کی جانب سے ملنے والی ممکنہ قسط اور آرمی چیف کی توسیع کے بارے میں ابہام ختم ہونے کے بعد انویسٹرز کی طرف سے زبردست ٹریڈنگ دیکھنے کو ملی۔ یہ تسلسل آخری کاروباری روز بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
آج کاروبار کے دوران پورے کاروباری روز 1.51 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 38847.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 583.55 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 38706.27 پوائنٹس کی سطح پر جا کر بند ہوا۔