
یو اے ای (متحدہ عرب امارات) کی ریاست دبئی میں حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والے ڈالر 187 سے 189 پاکستانی روپے (پاکستان میں ڈالر کی قیمت کی نسبت 3 سے 4 فیصد زائد) میں فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات سے آنے والی باضابطہ ترسیلات زر میں کمی واقع ہوئی ہے۔
ڈان اخبار کے مطابق جمعہ کے روز پاکستان میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 181 روپے جبکہ انٹر بینک میں 178 روپے تھی۔ ایکسچینج کمپنیوں کے مطابق دبئی میں ڈالر کی قیمت کو ہی پاکستان میں کرنسی کی اصل قیمت سمجھا جاتا ہے اور ایسا خاص طور پر اوپن مارکیٹ میں ہوتا ہے۔
عام طور پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت انٹر بینک کے مقابلے 2 سے 3 فیصد زیادہ ہی ہوتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں دبئی سے آنے والی ترسیلات زر 53 کروڑ 6 لاکھ ڈالر، اگست میں 51 کروڑ 23 لاکھ ڈالر، ستمبر میں 50 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، اکتوبر میں 45 کروڑ 59 لاکھ ڈالر، اور نومبر میں 45 کروڑ 25 لاکھ ڈالر رہیں۔
اس صورتحال پر ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ پاکستان اور دبئی میں ڈالر کی قیمت میں بہت فرق ہے، دبئی میں موجود حوالہ کا کام کرنے والوں نے ڈالر کی قیمت 187 سے 189 روپے تک رکھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی پاکستانی اپنی رقم ان کے ذریعے پاکستان بھجوارہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4dolarrupuae.jpg