
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کوایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کو اکھٹا کرنے کی کوشش میں بڑی کامیابی مل گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری گزشتہ کچھ دنوں سے ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور سابق کنوینئر فاروق ستار کو اکھٹا کرنے کیلئے متحرک تھے ، گورنر ہاؤس سندھ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو اکھٹا کرنے کی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے اور گورنر سندھ ایم کیو ایم کے تینوں دھڑوں سے مسلسل ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں فاروق ستار، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم پاکستان کے موجودہ کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے متعدد بار ملاقاتیں کی، ان ملاقاتوں میں کامران ٹیسوری نے فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو واپس ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی۔
دعویٰ کیاجارہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سابق کنوینئر فاروق ستار، ایم کیو ایم سے الگ ہوکر پاک سرزمین پارٹی بنانے والے مصطفیٰ کمال دوبارہ ایم کیو ایم میں شامل ہونے اور تینوں دھڑوں کو اکھٹا کرکے ایک متفقہ قیادت کی سربراہی میں سیاست کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔
تاہم اس حوالے سے کسی بھی گروپ کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے، ایم کیو ایم کے سابق رہنما کامران ٹیسوری نے بھی اس حوالے سے کسی بات کو بھی میڈیا پر شیئر نہیں کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/mqmdhha1.jpg