
گلگت بلتستان کے سینئر وزیر اور پی ٹی آئی رہنما کرنل (ر) عبیداللہ بیگ کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ صوبائی وزیر کو اسلام آباد سے گلگت جاتے ہوئے بابوسر سے اغوا کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اغوا کاروں نے جیل میں قید ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر کرنل ریٹائرڈ عبیداللہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جی بی اے ہنزہ 6 سے منتخب ہوئے تھے۔
سابق ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ میری گلگت بلتستان کے وزیر عبیداللہ سے بات ہوئی ہے، صوبائی وزیر کی رہائی کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں، علمائے کرام اور عمائدین بھی مذاکرات میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ضلع دیامر اور چلاس کے مقامی لوگوں کے مطابق شدت پسند گروہ خود کو مجاہدین گلگت و بلتستان کہلاتا ہے۔ یہ گروہ کچھ عرصے سے فعال ہے اور اس پر گلگت بلتستان میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات کا الزام ہے جن میں 2013 میں نانگا پربت پر غیر ملکی کوہ پیماؤں کا قتلِ عام، چلاس میں پولیس اہلکاروں کا قتل ودیگر وارداتیں شامل ہیں۔
بابوسر ٹاپ پر موجود مقامی لوگوں کے مطابق شدت پسند گروہ نے جمعے کے روز احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا اور یہ احتجاج دن بھر جاری رہا۔ اس دوران جمعے کی شام کے وقت کرنل (ر) عبیداللہ بیگ اپنے بیٹے کے ہمراہ اسلام آباد سے گلگت جا رہے تھے کہ احتجاج کے باعث ٹریفک میں پھنس گئے۔
اس موقع پر اُنھوں نے آگے بڑھ کر ان لوگوں سے بات کی۔ جب شدت پسند گروہ کو پتا چلا کہ یہ گلگت بلتستان حکومت کے سینیئر وزیر ہیں تو انہوں نے انہیں حبس بے جا میں رکھ لیا اور ان سے کہا کہ اب ان کی رہائی مطالبات منظور ہونے پر ہی ہو گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/gilgat%20bl%20aghh.jpg