گزشتہ کاروباری ہفتے سٹاک مارکیٹ اور ڈالر کے مقابلے میں روپےکیا صورتحال رہی؟

dollar-rp-haftware-psx1112.jpg

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق100 انڈیکس کاروباری ہفتے میں مثبت رہا اور 100 انڈیکس 218 پوائنٹس اضافے سے چوالیس ہزار ایک سو کی سطح سے اوپر بند ہوا

ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 218 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ انڈیکس 0.50 فیصد اضافے سے 44 ہزار 118 کی سطح پر بند ہوا۔

ایک ہفتے میں 40 ارب روپے مالیت کے ایک ارب 7 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا اور جبکہ شیئرز کی قیمت بڑھنے پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں چالیس ارب روپےکا اضافہ ہوا۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن 40 ارب روپے بڑھ کر سات ہزار 559 ارب روپے ہوگئی ۔

گزشتہ کاروباری ہفتے میں انڈیکس کی بلند سطح 44 ہزار 595 جبکہ کم سطح 43 ہزار 809 رہی۔

دوسری جانب گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں کچھ استحکام دیکھنے میں آیا اور ڈالر کی قیمت میں صرف 9 پیسے کا اضافہ ہوا اور روپے کےمقابلے میں ڈالر کی قیمت 178 روپے 4 پیسے سے بڑھ کر 178 روپے 13 پیسے رہی۔

گزشتہ ہفتے پیر کے روز کسی قسم کے اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا اور ڈالر کی قیمت 178 روپے 4 پیسے پر برقرار رہی۔منگل کے روز ایک پیسے اضافے کے ساتھ 178 روپے 5 پیسے، بدھ کے روز 10 پیسے اضافے کے ساتھ 178 روپے 15 پیسے،جمعرات کے روز 3 پیسے کمی کے ساتھ 178 روپے 12 پیسے، جمعہ کے روز ایک پیسہ اضافےکے ساتھ 178 روپے 13 پیسے رہی۔

ڈالر کی قیمت میں استحکام کی ایک وجہ سٹہ بازی کے خلاف زرمبادلہ قوانین میں سختیاں ہیں جو گزشتہ ہفتے رنگ لائیں کیونکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے فی فرد یومیہ اور سالانہ فروخت کی نئی حدیں مقرر کی گئیں جس سے ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران درآمدی شعبے کی طلب برقرار رہنے سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ رہا۔

تجارتی اکاؤنٹ خسارہ کی بات کی جائے تو میں کے ایک ارب 76 کروڑ ڈالرز سےبڑھ کر ایک ارب 91 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات نومبر 2021 میں ایک ارب 74 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئی جو اکتوبر 2021 میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالرز تھی ۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں مزید اضافے کے خدشے اور کروڈ آئل کی قیمت دوبارہ بڑھنے سے ڈالر کی قدر گھٹ نہ سکی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے سے ڈالر کی ڈیمانڈ برقرار رہی۔ افغان بحران نے بھی پاکستانی روپے کی قدر کو متاثر کیا۔
 

Back
Top