
الیکشن شیڈول کے بعد سیاسی جماعت کو ریلی کرنے سے روکنا جمہوریت دشمنی، عمران خان پر جھوٹے مقدمات کر کے اور ریلی نکالنے کی اجازت نہ دے کر حکومت آئین پاکستان کو پامال کر رہی ہے: رہنما پی ٹی آئی
سینیٹر ورہنما پاکستان تحریک انصاف شبلی فراز نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے جس پر ہماری سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست 3 دنوں سے زیرسماعت ہے لیکن فکس نہیں ہو رہی۔ آج درخواست پر اعتراض بھی ختم ہو گیا مگر پھر بھی فکس نہیں کی جا رہی۔ عمران خان عدالت میں حاضر ہونے کیلئے تیار بیٹھے ہیں لیکن ان کی رہائشگاہ کے باہر کرفیو جیسی صورتحال بنا دی گئی ہے۔
انہوں نےپاکستان تحریک انصاف کی ریلی والے دن پنجاب حکومت کی طرف سے 7 دنوں کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کر کے ریلیوں اور جلسے جلوسوںپر پابندی عائد کرنے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیخلاف سیاسی بنیادوں پر ملک بھر میں 78 جھوٹے مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جن کا مقصد تحریک انصاف کو دبائو میں لانا ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ریلی کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ کیسی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے ایسے میں ریلیاں، جلسے جلوس نکالنا جمہوریت کا حسن ہے۔ عمران خان پر جھوٹے مقدمات کر کے اور ریلی نکالنے کی اجازت نہ دے کر حکومت آئین پاکستان کو پامال کر رہی ہے۔ پہلے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہو چکا جبکہ دوبارہ حملے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ جھوٹے مقدمات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے آج زمان پارک سے داتا دربار تک عدلیہ بچائو ریلی نکالنے کا اعلان ہوا تھا لیکن ریلی شروع ہونے سے پہلے ہی نگران پنجاب حکومت نے 7 دنوں کیلئے دفعہ 144 نافذ کر کے ریلیوں اور جلسے، جلوسوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے گردونواح میں تعینات کی گئی تھی جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں اور کارکنوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shiblaiaahsahah.jpg