
لاہور ہائیکورٹ نے (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس سے بری کردیا,لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا اور حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کو کالعدم قرار دیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی و دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 500 کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر 9 سی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
اس مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی افراد بھی شامل تھے۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 11اپریل 2019 کو حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے رہا کر دیا تھا جبکہ حنیف عباسی نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔
حنیف عباسی کے بری ہونےپر محسن شاہنواز رانجھا نے ایکس پر لکھا الحمدللہ، اللہ کا شکر ہے کہ حنیف عباسی صاحب آج عمران خان کے بنائے ہوئے جھوٹے کیس سے بری ہوگئے۔ حنیف عباسی صاحب اور ان کے خاندان نے غیر معمولی بہادری اور استقامت کے ساتھ انتہائی خطرناک الزام کا سامنا کیا۔ آپ کو اس کیس سے باعزت بری ہونے پر مبارکباد۔
https://twitter.com/x/status/1714562342107910179
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں باعزت بری ہونے پر بہت بہت مبارک ہو۔ عمران خان کے بنائے گئے جھوٹے کیس کی اصلیت کھل کر سامنے آ رہی ہے، اسی لئے آج اسے مکافات عمل کا سامنا ہے
https://twitter.com/x/status/1714543172452593673
حنیف عباسی کو ملنے والے اس ریلیف پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جہاں خوشی کا اظہار کیا، وہیں لیگی رہنما یہ دعویٰ کرتے نظرآتے ہیں کہ یہ کیس عمران خان کا بنایا ہوا ہے جبکہ حنیف عباسی کے خلاف 2012 میں 500 کلو ایفیڈرین کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اس وقت پیپلزپارٹی کی حکومت تھی اور یوسف رضاگیلانی وزیراعظم تھے۔
یہ کیس کئی سال مسلسل چلتا رہا اور حنیف عباسی کو 21 جولائی 2018 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ۔ اس دوران عدالت میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی ااور عدالت کا فرنیچر توڑا گیا۔
جب حنیف عباسی کو سزا سنائی گئی اس وقت عمران خان وزیراعظم نہیں تھے، عمران خان 18 اگست کو وزیراعظم بنے تھے جبکہ 2019 میں حنیف عباسی کی سزا معطل کردی گئی تھی ۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hanfi11h1h11.jpg