
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی لہر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ،پاکستان میں نئے ’’سب ویرئنٹ‘‘ کا ابھی تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہو ا
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کی شرح دنیا میں سب سے ذیادہ ہے،یہ معیار آئندہ بھی قائم رکھیں گے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی ) کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ عوام کرونا وائرس کے نئے ویرئنٹ سے متعلق کسی پراپیگنڈے اور افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔ حالات کنٹرول میں ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ادارے نئی لہر سے نمٹنے کیلئے بھی ہر طرح سے تیار ہیں ،نئے وائرس سے متعلق خطے کے باقی ممالک کی صورتحال پر نظر ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے، تاہم ہوائی اڈوں پر کورونا کے مثبت کیسز کی جانچ کے لیے مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
این سی او سی کے رکن ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ ادارہ باقاعدگی سے اپنے اجلاس منعقد کر رہا ہے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ پاکستان میں کورونا کے نئے ویرینٹس کس طرح اثرانداز ہوں گے کیونکہ وائرس مختلف ماحول میں مختلف طریقے سے اثر انداز ہوتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/corona111.jpg