
پاکستان سپرلیگ 7 کی افتتاحی تقریب میں اس بار روایتی رنگا رنگ تقریب کے بجائے افتتاحی تقریب سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 7 میں اس بار افتتاحی تقریب میں میوزک اوررقص نہیں ہوگا۔بلکہ افتتاحی تقریب سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ حالات اورلاجسٹک مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل کے موجوہ ایڈیشن جس کا آغاز 27 جنوری کوکراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، میچز کے آغاز سے قبل کلچرل سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔
مختصر افتتاحی تقریب ہوگی جس میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا خطاب کریں گے اور میچز کا آغاز ہوجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 کا ترانہ 20 یا 21 جنوری تک ریلیز کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 7 ایک ہی وینیو پر کرائے جانےکے آپشن پرغور کیا جارہا ہے، ٹورنامنٹ کا لاہور سےآغاز اور اختتام کراچی میں کرنے پر بھی غور ہورہا ہے جبکہ لاہور کو فیورٹ وینیو قرار دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 27 جنوری 2022 سے ہونا ہے اور ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ کراچی میں کورونا مثبت آنے کی شرح 15 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے۔ پی سی بی نے شائقین کرکٹ کو 17 جنوری تک بک کرائی جانے والی ٹکٹوں پر خصوصی آفر کی ہے۔پی ایس ایل میں کم از کم ٹکٹ کی قیمت 250 روپے ہے۔
پی سی بی کے مطابق 17 جنوری تک ٹکٹ بک کروانے والے شائقین کو فرسٹ کلاس اور جنرل اسٹینڈ کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت ملے گی جس کے تحت جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ 500 ، فرسٹ کلاس کا 1500، پریمیئم انکلوژر 2 ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ 2500 روپے کا ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/psldh1h121.jpg