
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی جیل سے نکلنے تو کوئی بچنے کیلئے الیکشن لڑرہا ہے، میں عوامی مسائل کے حل کیلئے انتخابات لڑرہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوہاٹ میں ورکرز کنونش سے خطاب کیا اور اپنے مخصوص انداز میں سیاسی مخالفین پر طنز و تنقید کے نشتر برسائے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی سے ہے، ہم بھاگیں گے نہیں بلکہ عوام کے پاس جائیں گے، ہم نفرت کی سیاست نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جماعتیں اپنے ذاتی مسائل کے حل کیلئے الیکشن لڑرہی ہیں،کوئی جیل سے نکلنے کیلئے الیکشن لڑرہا ہے جبکہ دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑرہا ہے، میں صرف عوامی مسائل کے حل کیلئے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں، ہم عوام پر بھروسہ رکھتے ہیں،طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہیں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر سابق وزیراعظم اور اپنے نانا ذولفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے عدالتی فیصلے سے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ تاریخ بتائے گی کہ امت مسلمہ کے قائد کو پھانسی کیوں دی گئی، بتایا جائے کہ اس جرم میں کون سہولت کار تھے، اس کیس کے تمام سہولت کار ملک کے مجرم ہیں، ہم اس کیس کو دوبارہ کھولنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس اور فیصلے میں آئینی و قانونی غلطیاں ہیں جنہیں درست کیا جانا چاہیے،اس قتل کے سہولت کار موقع کا فائدہ اٹھا کر اپنے اداروں سے اپنے ہاتھوں سے خون دھونے کی کوشش کرررہے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/10bilakskjkjdjfjhjhfhf.png