کنگنا رناوت کی ٹرمپ مخالف پوسٹ پر بی جے پی کی ناراضی، معافی مانگ کر پوسٹ ڈیلیٹ کر دی
ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ اور معروف اداکارہ کنگنا رناوت کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک متنازع سوشل میڈیا پوسٹ مہنگی پڑ گئی۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر نہ صرف انہیں پوسٹ ڈیلیٹ کرنی پڑی بلکہ باقاعدہ معذرت بھی کرنا پڑی۔
کنگنا نے اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عالمی سطح پر مقبولیت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ ان سے حسد کرتے ہیں، اور مودی کو تمام الفا میلز کا باپ قرار دیا تھا۔
اس بیان نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی، لیکن بی جے پی کے اندر کئی رہنماؤں کی جانب سے اسے ناپسند کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، پارٹی صدر جے پی نڈا کی جانب سے کنگنا کو ہدایت دی گئی کہ وہ یہ پوسٹ فوری طور پر حذف کریں۔ بعد ازاں کنگنا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ "جے پی نڈا جی نے مجھے فون کر کے وہ ٹوئٹ ہٹانے کو کہا جو میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر کی تھی۔ میں اپنی ذاتی رائے پر معذرت خواہ ہوں اور پوسٹ فوری طور پر ڈیلیٹ کر دی گئی ہے۔"
https://twitter.com/x/status/1922985441114063055
کنگنا نے ابتدا میں اپنے مؤقف کا دفاع کیا تھا، تاہم پارٹی قیادت کی مداخلت کے بعد خاموشی اختیار کر لی۔ وہ ماضی میں بھی وزیر اعظم مودی کی کھل کر حمایت کرتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے حال ہی میں ایپل کے سی ای او ٹِم کُک سے کہا تھا کہ وہ بھارت میں مینوفیکچرنگ بند کریں، جبکہ ان کے دورِ صدارت میں چین سے درآمدات پر بھاری محصولات (125 فیصد تک) عائد کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایپل نے اپنی پروڈکشن بھارت منتقل کی۔ اب بھارت سے 1.5 ملین آئی فونز (600 ٹن) امریکا برآمد کیے جا چکے ہیں۔