
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کسی پنجابی کو کسی بلوچ نے نہیں مارا بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجاب سے تعلق رکھنےوالے افراد کے قتل کے واقعہ پر کوئٹہ میں ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ دہشت گرد بزدل ہیں، یہ پاکستانیوں کو شہیدکرتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں، یہ لوگ اگر دلیر ہیں تو سامنے آکر مقابلہ کریں، ہم ہر شہید کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردوں کو سزائیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بندوق کے زور پر بلوچستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہوگی، خاندانوں کے سامنے کسی کو شہید کردینا بزدلانہ کارروائی ہے، ہماری بلوچ روایات ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دیتیں، یہ دہشت گرد ملک میں انتشار پھیلاناچاہتے ہیں، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ مجھے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، دہشت گرد آسان ہدف کو نشانہ بناتے ہیں،ان کا کوئی قوم یا قبیلہ نہیں ہوتا، جبکہ کچھ لوگ دہشت گردوں کیلئے کام کررہے ہیں،یہ جنگ صرف فوج اور دہشت گردوں کی نہیں ہم سب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچ کی اصطلاح میڈیا کی پیدا کردہ ہے، ناراض بلوچ کچھ نہیں ہوتا، بندوق اٹھانے والا دہشت گرد ہے، بشیر زیب پاکستان کو توڑنا چاہتا ہے اور بی ایل اے کا حامی ہے،ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوئی پاکستان میں رہتے ہوئے بی ایل اے کو سپورٹ کرے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک 21 کے قریب دہشت گردوں کو جہنم واصل کرچکے ہیں،مذاکرات کا حامی ہوں مگر معصوم شہریوں کے قاتلوں سے مذاکرات کیسے کروں؟ ان کے خلاف کارروائی ضرور کریں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16drbugtiiuskdjjhdd.png