
عدالت کی پیمرا کے جواب کے بعد عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت
سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے عدالت کے حکم جاری کرنے کے باوجود اپنی تقاریر کو ٹی وی چینلز پر نشر نہ کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں پیمرا کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی جس پر آج کیس کی سماعت ہوئی۔
پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر دکھانےسے کسی ٹی وی چینل کو نہیں روکا۔
عمران خان کی تقریروں پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مرزا نے کی۔ عمران خان کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر پیمرا کا عدالت میں جمع کروائے گئے اپنے تحریری جواب میں کہنا تھا کہ ادارے کی طرف سے ٹی وی چینلز کو اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں نہ ہی کسی کو روکا ہے۔
پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریریں ٹی وی چینلز کی طرف سے نشر نہ کیے جانے کا فیصلہ ان کا اپنا ہے۔ پیمرا کے جواب جمع کروانے کے بعد عدالت کی طرف سے عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
عمران خان کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں اپنے موقف میں کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے پیمرا کے عمران خان کی تقریریں ٹی وی چینلز پر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل کیا گیا تھا۔ عدالت کی طرف سے احکامات جاری کرنے کے باوجود ان کی تقریریں ٹی وی چینلز پر نشر کرنے سے روکی جا رہی ہیں، استدعا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے۔
Last edited by a moderator: