
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں احتجاجی دھرنا دینے والے پنجاب کسان اتحاد نے وزیر داخلہ سے مذکرات ناکام ہونے کی صورت میں ڈی چوک مارچ کی دھمکی دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کسان اتحاد کے سینئر نائب صدر شوکت خان نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کسان اتحاد کے نمائندے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، تاہم ابھی تک کے مذاکرات میں حکومت نے ہمارے مطالبات اور شرائط پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کسان اتحاد نے حکومت سے اپنے مطالبات اور شرائط منوانے کیلئے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے،دھرنے میں شریک کسان اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبات ماننے پر زور دے رہے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نےکسان اتحاد کے احتجاج کے حوالے سے ایک بیان جاری کیاجس میں کہا گیا ہے کہ احتجاج میں شامل افراد درختوں کو توڑ رہے ہیں، مظاہرین تشدد کا ارادہ
رکھتے ہیں۔کسی بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے، قیدی وینز بھی منگوائی جاچکی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1572584931372699650
اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس اور انتظامیہ تحمل سے کام لے رہی ہیں اور مذاکرات کی دعوت دے رہی ہے۔تشدد کا راستہ اپنانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ ایف نائن پارک اور ایکسپریس چوک کی طرف سفر سے گریز کیا جائے۔ مظاہرین شہریوں، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور راستے میں آنے والی املاک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15kissaannn.jpg