
اگلے مرحلے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا عندیہ دیا گیا ہے: ذرائع
اغواء برائے تاوان کے بعد اب جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای میل کے ذریعے بھی بھتے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ ذرائع کے مطابق سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے بڑے تاجر خاندان کو بلیک میل کرنے اور 2 ارب روپے کا بھتہ طلب کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے
۔ کچھ عرصہ قبل انتقال کرنے والے معروف ملکی ہوٹلز چین اور بیچ لگژری کے مالک بہرام آوارای کو نامعلوم افراد کی طرف سے ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں ان سے 2 ارب روپے بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی طرف سے کی گئی ای میل میں 2 ارب روپے بھتہ کی رقم نہ دینے کی صورت میں بہرام آورای اور ان کے خاندان کو سنگین ترین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ نامعلوم افراد نے ای میل میں مطالبہ کیا تھا کہ بھتے کی خطیر رقم 2 ارب روپے ان کے بینک اکائونٹ میں ٹرانسفر کی جائے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بہرام آواری کے خاندان نے قانونی مشاورت کے بعد چند دن پہلے تحریری طور پر کیس کی تحقیقات کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی تھی جسے بدھ کی شام کو باقاعدہ طور پر تفتیش میں بدل دیا گیا ہے۔ تفتیش کے علاوہ بڑے پیمانے پر اس کیس کی تحقیقات کرنے کیلئے اگلے مرحلے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی کی طرف سے مذکورہ خاندان کے مختلف افراد کو ان کے بیانات ریکارڈ کروانے کیلئے بلوا لیا ہے۔ واضح رہے کہ کیس کے مدعی نے 2 ارب روپے بھتہ طلب کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد کو تحریری شکایت جمع کروائی تھی جس کے بعد یہ معاملہ ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8kakrkchhextortiosnnj.png