
کراچی میں پولیس بھی چوروں اور ڈاکوؤں سے غیر محفوظ ۔۔کچھ روز قبل ڈاکو پولیس اہلکار سے اسلحہ چھین کر فرار ہوا تو اب چور ڈی آئی جی آپریشن آفس سے موٹرسائیکل چور ی کرکے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائيکل چوروں نے ڈی آئی جی آپریشن آفس کی سکیورٹی کا پول کھول دیا ، ڈی آئی جی آپریشن آفس میں تعینات سنئیر کلرک وقار انور کی نئی ون ٹو فائیو موٹرسائيکل چور لےکر فرار ہو گئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے چور چہل قدمی کے انداز سے ڈی آئی جی آفس کے اندر داخل ہوتا ہے۔ نئی ون ٹو فائیو موٹرسائيکل چوری کرتا ہے اور فرار ہو جاتا ہے۔ فوٹیج میں چور کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
موٹرسائيکل چور نے ڈی آئی جی آپریشن آفس کی سکیورٹی کا پول کھول دیا ہے اور اس پر سوالیہ نشان چھوڑ دیئے ہیں کہ اتنی سخت سکیورٹی میں ڈی آئی جی آپریشن آفس سے موٹرسائيکل چوری کیسے ہوا۔
اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے پولیس تاحال موٹر سائیکل چور کا سراغ نہیں لگا سکی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے گلشن حدید سومارگوٹھ میں ڈاکوؤں نے باوردی پولیس اہلکار پر دھاوا بول دیا تھا اور اس سے سرکاری ایس ایم جی رائفل اور اس کی30 گولیاں چھین کر فرار ہو گئے۔
کراچی پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار بینک ڈیوٹی کر کے سومارگوٹھ کے علاقے میں پہنچا جہاں نامعلوم ملزمان اچانک سے آئے پولیس اہلکار پر تشدد کیا اور اس کی رائفل و ایمونیشن چھین کر لے گئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dig-office11313.jpg