
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے رابطہ کیا ہے، اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع 15 جنوری کو ہونے والے الیکشن کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی میں پی پی پی پہلے نمبر پر رہی ہے۔
حیدرآباد میں جیالا میئر لانے کیلیے بھی سادہ اکثریت مل گئی ہے، نتائج کے اعلان کے بعد مخالف سیاسی جماعتوں بالخصوص جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کے نتائج پر اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں اور مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ٹی آئی آج مشاورتی اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کرے گی جب کہ سراج الحق نے بھی آج جماعت اسلامی کے سینیئر رہنماؤں کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/1jimptkmayor%5D.jpg