ملک کے مختلف معاملات پر عوام کی آراء جاننے والے ادارے گیلپ کی طرف سے ایک دلچسپ سروے کیا گیا ہے جس کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گیلپ پاکستان نے ملک کے موجودہ وزیراعظم شہبازشریف کا نام جاننے کے حوالے سے ایک سروے کیا تھا جو 28 جون سے 10 جولائی 2024ء کے درمیان کیا گیا ہے جس میں گیلپ پاکستان کی طرف سے 700 شہریوں سے سوال کیا گیا تھا۔
گیلپ پاکستان کے ایک سروے میں شامل 700 شہریوں سے سوال پوچھا گیا تھا کہ موجودہ وزیراعظم کا نام کیا ہے؟ گیلپ پاکستان کے سوال کے جواب میں پتہ چلا کہ 65 فیصد پاکستانی شہری اپنے وزیراعظم کے نام سے واقف تھے اور ان کا درست نام بتایا۔ سروے میں 20 فیصد پاکستانی شہریوں کی طرف سے سوال کا غلط جواب دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سروے میں شامل شہریوں میں سے 14 فیصد اپنے وزیراعظم کا نام ہی نہیں جانتے تھے اور کہا کہ وہ ان کا نام نہیں جانتے۔ وزیراعظم کا درست نام بتانے والوں میں اکثریت مردوں کی تھی جو 71 فیصد کے قریب تھے جبکہ 61 فیصد خواتین نے وزیراعظم شہبازشریف کا درست نام بتایا۔
رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں کے مقابلے میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے شہری وزیراعظم شہبازشریف کے نام سے آگاہ تھے، دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 63 فیصد اور شہروں سے تعلق رکھنے والے 72 فیصد شہریوں نے وزیراعظم شہبازشریف کا درست نام بتایا۔