
کبریٰ خان کے بعد مہوش حیات کا عادل راجہ کیخلاف عدالت سے رجوع
میجر ریٹائرڈ عدیل راجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر نازیبا الزامات لگانے سے متعلق اداکارہ مہوش حیات نے بھی سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،مہوش حیات نے بھی میجر ریٹائرڈ عادل راجہ کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا اور من گھڑت الزامات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
مہوش حیات کی جانب سے معروف خواجہ نوید ایڈوکیٹ نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات لگائے گئے،جھوٹے، گھٹیا الزامات لگانے والے ذہنی بیمار ہیں اداکارہ نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ الزامات لگانے والوں کو سزا دی جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا تھا مگر کارروائی نہیں ہوئی، مہوش حیات نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف موجود مواد فوری ہٹایا جائے۔
اس سے قبل اداکارہ کبریٰ خان نے بھی انہیں الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے عادل راجہ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو اداکارہ کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے اور رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔