
تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر پولیس کے بیہمانہ تشدد کا حکام نے نوٹس لے لیا، سی پی او گوجرانوالہ کی ہدایت پر ایس ایچ او سٹی کامونکی منظر سعید سمیت 6 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کامونکی میں میڈیا نمائندے اور کیمرہ مین کوریج میں مصروف تھے اس دوران ایس ایچ او سٹی طیش میں آ گئے اور پولیس موبائل سے نکل کر کیمرہ مین پر تشدد کرنے لگے اور ان کے ساتھ دیگر پولیس اہلکار بھی کیمرہ مین کو مارنے لگے۔
ایس ایچ او نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ ملکر کیمرہ توڑنے کی کوشش کی اور متعدد کیمرہ مینوں اور نمائندوں کو زدوکوب کا نشانہ بنایا۔
https://twitter.com/x/status/1586957196142686208
اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صحافی نے کہا کہ ابھی کل ہی ایک خاتون صحافی کو کھویا ہے ہم نے، آج صبح کامونکے میں پولیس کا صحافیوں پر بیہمانہ تشدد، ہمارے ملک کی پولیس نہیں بدل سکتی۔ جس کے پاس ذرا سا اختیار آجاتا ہے فرعون بن جاتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1586965277027221504
واقعہ پر سی پی او گوجرانوالہ کے ٹوئٹر ہینڈل سے بتایا گیا کہ کامونکی میں پیش آنے والے اس واقعہ میں ملوث ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی صدر گوجرانوالہ اس واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں جس کے بعد ملوث پولیس اہلکاروں سخت محکمانہ کاروائی میں لائی جائیگی۔