
کراچی میں ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو "جاؤ اپنا کام کرو ہمیں مت سکھاؤ" کا جواب دینے والے 5 اہلکار معطل کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس بغیر یونیفارم کے بھیس بدل کر دورے پر نکلے تو شارع فیصل کے اسٹار گیٹ سگنل پر انہیں آن ڈیوٹی پانچ ٹریفک اہلکار گپیں مارتے دکھائی دیئے جس پر ڈی آئی جی ان کے قریب کھڑے ہوکر ان کی گفتگو سننے لگے۔
ڈی آئی جی جب گفتگو سنتے تھک گئے تو انہوں نے بطور شہری ٹریفک اہلکاروں سے کہا کہ آپ یہاں گپیں ماررہے ہیں ٹریفک کو کنٹرول کریں جس پر اہلکاروں نے ڈی آئی جی کو طنزیہ انداز میں جواب دیا اور ایک اہلکار نے کہا "جاؤ میاں اپنا کام کرو ہمیں مت سکھاؤ"۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے ان پانچ اہلکاروں اوران کے 2 افسران کو معطل کرکے انہیں لائن حاضر کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے چوری ، ڈکیٹی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، پولیس والے خود بھی محفوظ نہیں ہیں، کچھ روز قبل ڈی آئی جی آفس سے چور موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے تھے ۔
اس سے کچھ روز قبل ڈاکو ایک پولیس اہلکار پر تشدد کرکے اس سے اسلحہ اور گولیاں چھین کر فرار ہوگئے تھے جبکہ ایک ڈی ایس پی بھی پولیس کے ہاتھوں لٹ گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/dig-1131.jpg