
اسلام آباد / لاہور: بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کی تباہی کے بعد جہاں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، وہیں سوشل میڈیا پر افواہوں کا طوفان بھی کھڑا ہو گیا ہے۔ جعلی خبریں، مہنگائی کی افواہیں اور جھوٹے سرکاری نوٹیفکیشنز کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سوشل میڈیا پر بعض عناصر کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران کے نام پر جعلی پیغامات اور نوٹیفکیشنز کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ ایک جعلی نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر لاہور کے نام سے گردش کر رہا ہے، جس میں ڈی ایچ اے فیز 8 اور عسکری 11 کے مکینوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
https://twitter.com/x/status/1920436857327759414 جیو نیوز کی فیکٹ چیک ٹیم نے اس جعلی نوٹیفکیشن کا بغور جائزہ لیا اور اسے سراسر جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، عرفان نواز میمن نے ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "سائرن بجنے" جیسی جھوٹی خبریں پھیلا کر سوشل میڈیا پر غیر ضروری خوف پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ ایسی کسی ہنگامی صورتحال کی نہ تصدیق ہوئی ہے نہ ہی کوئی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کسی بھی حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں صرف ضلعی انتظامیہ یا سرکاری ذرائع سے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ سوشل میڈیا کو ذمہ داری سے استعمال کرنے کی روایت قائم کی جا سکے۔
Last edited: