چیمپئنزٹرافی ،بھارتی پروپیگنڈا:پی سی بی کا فائنل لاہور میں کرانے پر اصرار

lah1ih2.jpg


اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ اور حکومت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھارت کے ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں ذہنی طور پر تیار ہے، تاہم پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور سے منتقل نہیں کیا جائے گا، چاہے بھارت فائنل تک پہنچ بھی جائے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی بھارت کی جانب سے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے باوجود فائنل کی میزبانی لاہور میں ہی کرنے پر زور دے گا۔

پی سی بی چیئرمین اس معاملے پر دبئی میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں اپنا مضبوط مؤقف پیش کریں گے اور بھارت کے نہ کھیلنے کی صورت میں بھی لاہور میں فائنل کروانے کی ترجیح دیں گے۔

دبئی میں آئی سی سی کے ممبران کا اجلاس 18 سے 21 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران پی سی بی حکام چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں اور پاکستان میں ہونے والے تعمیراتی کام پر بھی تفصیلی بریفنگ دیں گے، جبکہ دیگر کرکٹ بورڈز کے بیانات بھی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

پی سی بی حکام پُر عزم ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا یہ میگا ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ممکنہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
 

Back
Top