
سی اے اے کی ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں کہ کیبل میں فالٹ کہاں سے آیا ہے؟: منیجر ایئرپورٹ
کراچی ایئرپورٹ پر انٹرنیٹ کی کیبل خراب ہونے کی وجہ سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کا امیگریشن سسٹم ناکارہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چوہوں نے انٹرنیٹ کی کیبلز متعدد جگہوں سے کتر دیا جس کی وجہ سے ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ناکارہ ہو گیا ہے۔
چوہوں کے انٹرنیٹ کیبلز کترنے کے بعد ایف آئی اے کا امیگریشن سسٹم ناکارہ ہونے پر گزشتہ رات 5 پروازوں کے مسافروں کی امیگریشن مینوئل طریقے سے کی گئی ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی حکام نے بتایا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو انٹرنیٹ کیبل کے ناکارہ ہونے بارے متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن اب تک مرمت کا کام شروع نہیں ہو سکا اس لیے فی الحال امیگریشن سسٹم کو اپنی انٹرنیٹ ڈیوائسز کے ذریعے فعال رکھا ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انٹرنیٹ کیبلز خراب ہوئے 15 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود فالٹ دور کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی امیگریشن کرنے میں ایف آئی اے پریشانی کا شکار ہے۔ سی اے اے کو کیبل فالٹ دور کرنے کی درخواست پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مسافروں کی امیگریشن میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد پروازیں بروقت روانہ نہیں ہو سکیں۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے جانے والی پروازوں میں سفر کرنے والے سٹاپ لسٹ یا ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کسی مسافر کو نہیں چھوڑا گیا۔ انٹرنیٹ کیبل فوری طور پر مرمت نہ کی گئیں تو انٹرنیٹ ڈیوائسز سے امیگریشن سسٹم چلانا مشکل ہو گا کیونکہ امیگریشن سسٹم کا دبائو انٹرنیٹ ڈیوائسز زیادہ دیر تک برداشت نہیں کر سکتیں۔
علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ کے منیجر کی طرف سے موقف میں بتایا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے انٹرنیٹ کیبلز کو چوہوں نے نہیں کترا بلکہ گزشتہ رات 2 بجے کے قریب انٹرنیٹ کیبل میں فالٹ آیا تھا۔ انٹرنیٹ کیبلز کا فالٹ دور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور سی اے اے کی ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں کہ کیبل میں فالٹ کہاں سے آیا ہے؟
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/16kariipstchoahayya.png