ٹھٹھہ کے علاقے سے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے پر ایم پی اے جام اویس کے ہاتھوں مبینہ قتل ہونے والے ناظم جوکھیو نے اپنے قتل سے قبل وکیل ایڈووکیٹ مظہر جونیجو کو مبینہ آڈیو پیغام بھیجا تھا جس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ جس میں مقتول نے کہا کہ جام عبدالکریم کے لوگ گھر سے لینے آئے ہیں اللہ جانے کیا معاملہ ہے۔
مقتول ناظم جوکھیو نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر صبح تک رابطہ نہ ہوا تو اپنی وکالت کے حساب سے دیکھ لینا۔ آڈیو میسج میں مقتول نے وکیل سے کہا کہ جو لوگ آئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ جام صاحب کے سامنے پیش کرنا ہے۔ فی الحال میں درخواست تو نہیں دی مگر آپ اپنی وکالت کے حساب سے دیکھ لیجیئے گا۔
ناظم جوکھیو نے کہا کہ ابھی اس نے اسے ملنے والی دھمکیوں کے حوالے سے ایک (سوشل میڈیا) پوسٹ بنائی ہے۔ ابھی میں جا رہا ہوں مجھے بلایا ہے آپ کو آڈیو میسج اس لیے بھیج رہا ہوں کیونکہ آپ کا نمبر بند جا رہا ہے۔ مجھے ساڑھے گیارہ بجے بلایا گیا تھا اس لیے اب ملیر میں جام عبدالکریم کے پاس جا رہا ہوں۔
ناظم جوکھیو نے یہ بھی بتایا کہ اسے جام عبدالکریم کے پاس لیجانے کیلئے وہاں سے کچھ لوگ آئے ہیں جو کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسے ان کے پاس لیکر جانا ہے کیونکہ جام عبدالکریم نے اپنے پاس طلب کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا مگر مجھے جو محسوس ہو رہا ہے وہ کچھ اچھا نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جام عبدالکریم پیپلزپارٹی کے ایم این اے ہیں اور جوکھیو قبیلے کے سردار بھی ہیں۔ اس آڈیو میسج کو اب تحقیقات کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں عرب شکاریوں کی لائیو ویڈیو سوشل میڈیا پر چلانے والے نوجوان کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیا۔
میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما جام اویس نے لائیو ویڈیو چلانے والے نوجوان کو اغوا کیا اور اپنے ڈیرے پر لے جا کر گولیاں مار کر قتل کردیا، نوجوان کو قتل کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں، پولیس کو بھی اطلاع کی مگر تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔
ملیر جام ہاؤس کے باہر سے نوجوان ناظم جوکھیو کی لاش ملی، نوجوان کے ورثا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ جام اویس نے ناظم جوکھیو کو قتل کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/jokhio-1121.jpg