پی ٹی آئی نے انتخابی نشان کھویا، سیاسی جماعت کی حیثیت نہیں:الیکشن کمیشن

1705477566655.png


پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی نشان چھن جانے کے بعد جنگ کہ سی کیفیت ہے,جس پر
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنا انتخابی نشان کھونے کے باوجود تسلیم شدہ سیاسی جماعت ہے جو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے۔

انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے دی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی رجسٹریشن ختم نہیں کی گئی بلکہ صرف آئندہ انتخابات کیلئے انتخابی نشان واپس لیا گیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی قانون کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرانے میں ناکام رہی۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا 8؍ فروری کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں یا نہیں تو اس پر ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک قانونی نوعیت کا سوال ہے جس کے جواب کیلئے الیکشن کمیشن کے لیگل ونگ کو اس کا جائزہ لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لیگل ونگ کو پی ٹی آئی کا انتخابی نشان واپس لیے جانے کے قانونی اثرات کا جائزہ لینا ہوگا اور یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا کامیاب آزاد امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں یا نہیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ اور آئین کے ماہر وسیم سجاد نے رابطہ کرنے پر اس نمائندے کو بتایا کہ اگرچہ یہ معاملہ پریشان کُن ہے لیکن اُن کی رائے میں انتخابی نشان واپس لے کر پی ٹی آئی کو صرف الیکشن لڑنے سے روکا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ الیکشن کمیشن نے پارٹی کی رجسٹریشن ختم نہیں کی لہٰذا پارٹی کا وجود باقی ہے اور کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار کسی دوسری جماعت کی طرح پی ٹی آئی میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

پیر کو سابق اٹارنی جنرل اور سینئر وکیل انور منصور نے دی نیوز کو بتایا تھا کہ انتخابات کے بعد کامیاب ہونے والے آزاد امیداروں کے پاس پی ٹی آئی میں شمولیت کا آپشن ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار آئندہ پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی نمائندگی کر سکتے ہیں, الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد کی رائے تھی کہ جو سیاسی جماعت اپنے انتخابی نشان سے محروم ہو جائے وہ اپنی باضابطہ حیثیت بھی کھو دیتی ہے اور الیکشن کمیشن سے ڈی رجسٹر ہو جاتی ہے۔

بلے کے نشان سے محروم ہونے اور پلان بی کے تحت بلے باز کا نشان لینے کی حکمت عملی ناکام ہونے کے بعد پی ٹی ائی نے اپنے امیدواروں کو ایک چھتری تلے جمع کرنے کا ایک نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔

پی ٹی ائی کی اس سوشل میڈیا حکمت عملی کی بدولت پارٹی کے حامی اپنے امیدواروں کے انتخابی نشانات کے بارے میں معلومات ایک سرچ سے حاصل کر سکیں گے۔

پی ٹی ائی ایک سرچ ایبل ڈیٹا بیس تیار کر رہی ہے جس میں پارٹی کے تمام امیدواروں کے نام حلقے اور انتخاب نشانات کی معلومات شامل کی جائیں گی۔
پارٹی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اتوار کے روز اعلان کیا کہ ان کی سوشل میڈیا ٹیم نے ایک ویب پورٹل تیار کر لیا ہے جہاں پر صارفین حلقے کے ذریعے پارٹی امیدوار اور اس کے انتخابی نشان کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

پی ٹی آئی نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی۔اس پورٹل میں اب تک امیدواروں کا ڈیٹا موجود نہیں,پی ٹی ائی کا کہنا ہے کو امیدواروں کا ڈیٹا اتے ہی اس پورٹل کو لائیو کر دیا جائے گا۔
لیکن پی ٹی ائی کا یہ نیا پلان کس حد تک کامیاب ہوگا اس کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
 

Back
Top