پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈسپلنری کمیٹی کی تشکیل اور کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے نا کوئی ڈسپلنری کمیٹی تشکیل دی اور نا ہی کسی کرکٹر کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ساری خبریں بے بنیاد اور حقائق سے منافی ہیں۔
ترجمان پی سی بی نے کھلاڑیوں پر پابندی عائد کرنے اور ان پر جرمانے عائد کرنے سے متعلق خبروں کو بھی من گھڑت قرار دییدیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی سی بی کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور ایک سابق کپتان پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کی خبریں سامنے آئی تھیں، خبروں میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی میں گیری کرسٹن، وہاب ریاض اور منصور رانا بھی شامل ہیں جبکہ وقار یونس بھی اس عمل کا حصہ بنیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بورڈ کھلاڑیوں کے حوالے سے تین رپورٹس کا جائزہ لے گا جس میں سے ایک رپورٹ ڈسپلنری کمیٹی اور دوسری آزادنہ انٹیلی جنس سے تیار کروائی جائے گی۔