
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے بقیہ میچز کا حتمی شیڈول جاری کردیا ہے۔ پی ایس ایل 10 کے یہ میچز 17 سے 25 مئی کے درمیان ہوں گے، اور ان میں کرکٹ کے شائقین کو متعدد دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
شیڈول کے مطابق، 17 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ ہوگا۔ 18 مئی کو راولپنڈی میں دو میچز ہوں گے، جس میں دوپہر کو ملتان سلطانز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا اور شام کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔
19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ایونٹ کا آخری گروپ میچ کھیلا جائے گا۔
21 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پہلا کوالیفائر میچ ہوگا، جبکہ 22 مئی کو ایلی منیٹر 1 اور 23 مئی کو دوسرا کوالیفائر میچ ہوگا۔ پی ایس ایل 10 کا فائنل 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق، دوپہر کے میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے، جبکہ شام کے میچز 7:30 بجے ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کے میچز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے تھے، جس کے بعد پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا شیڈول دوبارہ مرتب کیا گیا ہے۔
تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں، اور متعدد کھلاڑیوں نے واپس آنے کی حامی بھرلی ہے۔ جن فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے، ان کے لیے مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 سیریز کے دوران براڈ کاسٹنگ ٹیم بھی پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کی براڈ کاسٹنگ کرے گی۔