
ٹیک آف یا لینڈنگ کرنے جیسے مراحل کی تصاویر کھینچنے پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے: ذرائع
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی طرف سے مسافروں کے دورانِ پرواز موبائل فون سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی طرف سے مسافروں کے دورانِ پرواز موبائل فون یا کسی بھی کیمرے سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر فیصلے پر عملدرآمد کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے، مسافر اب دوران پرواز تصاویر یا ویڈیوز نہیں بنا سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ دورانِ پرواز مسافروں کی طرف سے کسی واقعہ، ویڈیو یا ایسی تصویر جو ہراسانی یا غیراخلاقی حدود کے زمرے میں آتی ہو کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے والے شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔ بین الاقوامی پروازوں کے خاص طور پر ٹیک آف یا لینڈنگ کرنے جیسے مراحل کی تصاویر کھینچنے پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پی آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد مسافروں کا تحفظ، غیرمجاز فوٹوگرافی یا ویڈیوز بنانے کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیدا ہونے سے بچنے کے لیے عائد کی جا رہی ہے۔ دورانِ پرواز بھی مسافروں کے فوٹوگرافی کرنے یا کسی کی ویڈیوز بنانے پر پابندی کے اعلانات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے تاہم ابھی اتنی سختی نہیں کی جا رہی اور یہ پابندی پاکستان کے ہوابازی کے قواعدوضوابط کے مطابق ہے۔ پی آئی اے نے فیصلہ جہاز پر مسافروں کی طرف سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے رحجان کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا ہے اور مسافروں کی اس پابندی کی یاددہانی کیلئے فلائٹ میں باقاعدہ اعلانات بھی کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/PIA-a.jpg