
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک وی لاگر لوگوں کے پاس جاتا ہے اور کہتا ہے کہ میرے پاس لائٹر ہے اور انڈیا کا جھنڈا ہے، اگر آپ انڈیا کا جھنڈا جلائیں گے تو میں آپکو پیسے دوں گا۔
منیب علی نامی یہ بلاگر پہلے جیب سے لائٹر نکالتا ہے اور لوگوں کے ہاتھ میں پکڑاتا ہے اور بعد میں جھنڈا نکال کر کہتا ہے کہ آپ نے اسے جلانا ہے اگر آپ جلاؤ گے تو میں آپکو پیسے دوں گا۔
اس شخص کی اس پیشکش پر لوگوں کا ردعمل انتہائی دلچسپ ہوتا ہے۔ لوگ اس شخص سے معذرت کرلیتے ہیں کہ ہم جھنڈا نہیں جلائیں گے۔
لوگوں کا موقف ہے کہ بے شک بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے لیکن یہ بھارت کا قومی پرچم ہے، ہمیں بھی دوسروں کے پرچم کا احترام کرنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ہمارا پرچم جلائے گا تو ہمیں تکلیف ہوگی۔ اس پر وہ شخص کہتا ہے کہ آپکو پیسے مل رہے ہیں جس پر لوگ کہتے ہیں کہ یہ جھنڈا کسی قوم کی عزت ہے، ہمیں عزت کرنی چاہئے، پیسہ تو آنی جانی چیز ہے۔
یہ بلاگر جس کے پاس بھی جاتا ہے وہ جھنڈا جلانے سے صاف انکار کردیتا ہےا ور کہتا ہے کہ ہمیں کسی کی دل آزاری نہیں کرنی چاہئے، یہ بات ہمارے اصولوں کے خلاف ہے۔بلاگر لوگوں کو یہ بھی کہتا ہے کہ بھارت ہمیں آئے روز نقصان پہنچاتا رہتا ہے جس پر لوگ کہتے ہیں کہ اگر ہم بھی ایسا کریں گے تو ہم میں اور ان میں کیا فرق رہ جائےگا۔
بلاگر کو صرف ایک شخص ایسا ملا جس نے جھنڈا جلانے کی کوشش کی لیکن جیسے ہی جھنڈا جلانے کی کوشش کی تو بلاگر نے اس سے جھنڈا چھین لیا اور پیسے اسکو دیدئیے۔
آخر میں منیب علی کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ پاکستانی تمام تر اختلافات کے باوجود پڑوسی ملک کے پرچم احترام کرتے ہیں، پاکستانیوں کا یہ رویہ دیکھ کر مجھے بہت اچھا لگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/jhandaii11.jpg