
قومی اسمبلی اجلاس، ہلڑ بازی کے دوران پی ٹی آئی کی رکن غزالہ سیفی سے بدتمیزی ، بازو مروڑا گیا
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکین کے درمیان گرماگرمی کے دوران پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی غزالہ سیفی سے بدتمیزی کی گئی اور ان کا ہاتھ مروڑا گیا جس کی وجہ سے ان کی انگلی مڑ گئی۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید احتجاج شروع کیا گیا اور اس دوران پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور دیگر اپوزیشن اراکین نے حکومتی بینچز کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی شروع کردی۔
اپوزیشن کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے حکومتی بینچز سے بھی اراکین اٹھے اور انہوں نے اپوزیشن کو بھرپور جواب دینا شروع کیا جس سے ماحول مزید گرم ہوگیا اسی دوران پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی کا ہاتھ مروڑا گیا ۔
ایوان کے اندر اس نامناسب اور افسوسناک واقعہ پر دلبرداشتہ ہوکر غزالہ سیفی اسمبلی سے باہر چلی گئیں، باہر نکل کر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے میرا بازو مروڑا ہے ایسا لگتا ہے کہ میری انگلی میں فریکچر ہوگیا ہے۔
واقعہ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بینچز سے خواتین اراکین مردوں کی طرف آئیں اور انہوں نے کاغذ پھاڑ پھاڑ کر وزیر خزانہ کی جانب پھینکنا شروع کردیا ، میں نے انہیں منع کرنے کی کوشش کی تو پیپلزپارٹی کی خاتون رکن نے مجھ پر ہاتھ اٹھایا اور میرا ہاتھ مروڑدیا، میں نے اپنے دفاع کیلئے جواب میں ان پر ہاتھ اٹھایا کیونکہ میں ایسی صورتحال میں خاموش نہیں رہ سکتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آج کے اس واقعہ پر بہت افسردہ ہوں ، لوگ ہم پر رشک کرتے ہیں ہم عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسمبلی میں جاہلوں کا لشکر آگیا ہے، اگر اپوزیشن کو اتنا ہی لڑائی جھگڑے کا شو ق ہے تو سڑکوں پر جائیں، مجھے سمجھ نہیں آتا ایسے لوگ کہاں سے آتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/galza-shaguft11.jpg