مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں محنت کشوں کا دن آج منایا جا رہا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے۔ تاہم، مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت کی چکی میں پسا مزدور آج بھی دیہاڑی کی تلاش میں مارا مارا پھر رہا ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم کا پیغام
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس دن کی مناسبت سے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی گئی ہیں۔ پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے، اور ملک میں روزگار کے حصول کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند جگہوں میں تبدیل کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صدر مملکت کا محنت کشوں کو خراج تحسین
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدلتی جاب مارکیٹ کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے کارکنوں اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر پاکستان نے منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام پر بھی زور دیا۔
گورنر سندھ کا پیغام
ادھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی کہا کہ ہماری زندگی آسان بنانے والے ہاتھوں کو سلام ہے، ہر مزدور قابلِ فخر ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/BbMmgxZh/shehbaz-ssaa.jpg