پہلگام واقعہ: سوئٹزرلینڈ نے غیرجانبدار تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کر دی

screenshot_1746299356896.png



اسلام آباد: پہلگام واقعے پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو سفارتی حمایت ملنے لگی ہے۔ سوئٹزرلینڈ نے واقعے کی غیرجانبدار تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔


یہ پیشکش سوئس وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔ گفتگو میں سوئس وزیر خارجہ نے پاکستان کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کے حق میں ہیں اور اس عمل میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔


اسحاق ڈار اور سوئس وزیر خارجہ کے درمیان اتفاق ہوا کہ وہ اس معاملے پر مسلسل رابطے میں رہیں گے اور خطے کی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھیں گے۔


مزید برآں، اسحاق ڈار نے یونانی وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں انہوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات، سندھ طاس معاہدہ کی معطلی، اور پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی پلیٹ فارمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ ملک عالمی برادری کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور بے بنیاد الزامات سے متعلق آگاہ کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
 

Back
Top