کراچی: لیاری میں پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرکے عمرہ کرنے والی خاتون گرفتار
شہر قائد کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کیا اور اسے فروخت کرکے عمرہ کے لیے روانہ ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق، چوری کی یہ واردات 27 اکتوبر کو رپورٹ کی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔
بغدادی پولیس نے بتایا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پہلے ملزم عمران کو گرفتار کیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی بیوی شہناز نے یہ چوری کی ہے۔ پولیس کے مطابق، ملزمہ شہناز نے پڑوسی کے گھر فیملی کی غیر موجودگی میں یہ واردات انجام دی، اور 17 تولہ سونا بیچ کر عمرہ کی ادائیگی کے لیے رقم حاصل کی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ شہناز کے قبضے سے 3 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے کیش برآمد کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، تاکہ چوری میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ تفتیشی افسر سعید احمد اس کیس کی مزید تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔