
قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق راولپنڈی ٹیسٹ میں پچ پر کی جانے والی تنقید پر پھٹ پڑے، کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں امام الحق نے سب کو کھری کھری سنادی، کہا کیوریٹر نے میری مرضی سے پنڈی اسٹیڈیم کی وکٹ نہیں بنائی تھی اور وکٹ بنانے والا میرا رشتے دارنہیں، وکٹ گرین ہونیلی ہویا پیلی میرا کام پرفارم کرنا ہے۔
امام الحق نے مزید کہا کہ کوئی بھی نہیں چاہتا ٹیسٹ ڈراہو،جب ہم آسٹریلیا جاتے ہیں تو وہ ہم سے پوچھ کروکٹ نہیں بناتے کیونکہ ہوم گراونڈ پراپنی صلاحیت کودیکھ کر وکٹ بناتے ہیں۔
امام الحق کا کہناتھا کہ باہربیٹھ کربھی بہت کچھ سیکھنےکوملا اور ڈومیسٹک کھیل کرکم بیک کرنے میں آسانی ہوئی جب کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پرکم بیک کیا، کراچی ٹیسٹ میں بھی شاندارکھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
راولپنڈی اسٹیڈیم کی پچ پر کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی جانب سے تنقید کی گئی تھی جس پر گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیز پچوں پر آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا نہیں چاہتے، گھر میں کھیلیں تو اپنی طاقت کے حساب سے کھیلنا چاہیے۔
مصباح الحق،یونس خان اور اظہر علی کے بعد امام الحق آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے مجموعی طور پردسویں پاکستانی بیٹر ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوچکا ہے،پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 459 رنز پر ڈھیر ہوجانے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 252 رنز بنائے تھے،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imanzi11h1.jpg