
حکومتی دعوئوں کے باوجود اب تک کچے کے ڈاکو انتظامیہ کیلئے سردرد بنے ہوئے ہیں اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ خطرناک ڈاکوئوں اور دہشت گردوں سے نپٹنے کے لیے پنجاب پولیس جدید ترین ڈرون خریدے گی۔
ذرائع کے مطابق بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ خطرناک ڈاکوئوں اور دہشت گردوں سے نپٹنے کے لیے پنجاب پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلحہ لے کر جانے کی صلاحیت رکھنے والے جدید ترین ڈرون خریدے جائیں گے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب پولیس کی طرف سے خریدے جانے والے جدید ترین ڈرونز اسلحہ اور گولہ باردو لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے اور اونچائی پر خطرناک ڈاکوئوں اور دہشت گردوں کو نشانہ بنا سکیں گے۔ جدید ترین ڈرون کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس کو کچے کے ڈاکوئوں اور خطرناک دہشت گردوں سے نپٹنے کے لیے خرید کر دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو جدید ترین ڈرونز کی خریداری کے لیے 30 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، آئی جی آفس کی لاجسٹک برانچ 50 جدید ترین ڈرون خرید کر متعلقہ ضلع کی پولیس کے حوالے کرے گی۔ جدید ترین ڈرونز بھکر، میانوالی، راجن پورہ اور رحیم یار خان پولیس سمیت دیگر اضلاع کی پولیس کو دئیے جائیں گے، سٹاف کو ڈرونز چلانے کیلئے ٹریننگ بھی دی جائیگی۔
واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پچھلے 5 مہینوں کے دوران ضلع کشمور کندھ کوٹ سے 200 سے زیادہ افراد اغوا ہو چکے ہیں اور اس دوران رینجرز وپولیس کے مشترکہ آپریشن میں 60 مقابلے ہوئے جن میں 12 ڈاکو ہلاک اور 21 زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے 5 اضلاع میں 150 دنوں کے دوران بچوں سمیت 300 سے زیادہ افراد اغوا ہو چکے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14njab polsldrnens.png