پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران 14 افراد جاں بحق

282251391be7b8c.jpg

پنجاب بھر میں جاری مون سون کی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، ہفتے کے روز مزید 2 افراد کی ہلاکت کے بعد گزشتہ چار دنوں میں مجموعی اموات کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور ریسکیو حکام کے مطابق، بارش سے متعلقہ واقعات میں 39 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، لاہور کے شاہدرہ ٹاؤن کے عباس نگر علاقے میں آج صبح 3:20 بجے ایک مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ مکان ایک منزلہ تھا اور اس کی چھت کچی مٹی کی بنی ہوئی تھی۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو شاہدرہ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمیوں کو شاہدرہ اور میو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ سے جمعہ تک مختلف شہروں میں بارش سے متعلق 25 واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جو آج بڑھ کر 28 ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، زیادہ تر ہلاکتیں شدید بارشوں کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے کی وجہ سے پیش آئیں۔

قصور میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے، جبکہ دیوار گرنے کے ایک اور واقعے میں 2 مزید بچوں کی جان چلی گئی۔ اوکاڑہ، بہاولنگر اور فیصل آباد میں بھی چھت گرنے کے واقعات میں ایک ایک بچہ جاں بحق ہوا۔ وزیرآباد میں دیوار گرنے سے ایک مرد اور ایک بچہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچہ زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ میں جہلم میں ’بارش کے پانی کے نالے‘ میں ڈوب کر 2 افراد کی ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں ایک لوڈر رکشہ بارش کے پانی سے بھرے نالے میں گر گیا تھا۔ خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

اس کے علاوہ، منڈی بہاؤالدین، ساہیوال، چنیوٹ، ملتان، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اضلاع میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ رحیم یار خان میں ایک درخت گرنے سے ایک گائے بھی ہلاک ہوئی۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ مون سون بارشوں کا سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
 
Last edited:

Back
Top