
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس وڈویلپمنٹ کا چوتھا اجلاس آج ہوا جس میں گھروں پر صفائی ستھرائی چارجز عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لیے واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز بھی پیش کی گئی جس سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب 19.85 ملین رہائشی اور 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 مرلے کے گھروں پر 300 روپے اور 10 مرلے کے گھروں پر 500 روپے سینی ٹیشن چارجز لگائے جائیں گے۔ دیہاتی علاقوں میں قائم 10 مرلے کے گھروں پر 200 اور اس سے بڑے گھروں پر 500 روپے سینٹری چارجز لاگو ہوں گے۔
اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے بھی واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ریونیو میں اضافہ ہو گا تاہم بجلی کی قیمت میں اضافہ پر فیصلہ کی مخالفت ہو گی اور محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز میں 50 فیصد سے زیادہ کم کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس میں گرین پاکستان پروگرام اور اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کو حج کا کروانے کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ حج پر جانے والی خواتین کو وہ ایئرپورٹ سے خود روانہ کریں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ اجلاس بھی ہوا جس میں سیکرٹری ہائوسنگ نے انہیں اپنی چھت، اپنا گھر منصوبہ پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں اس منصوبے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، ان کے ساتھ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب و پرنسپل سیکرٹری کے علاوہ سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔ مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے ایونیو ون میں لاہور کو بہترین ماحول دوست رہائشی شہر بنانے کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرتے ہوئے 87 کنال پر محیط سنٹرل پارک کا افتتاح کرتے ہوئے پودا بھی لگایا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/maryam11i1h1i3h1.jpg