پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغانوں کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے, دوسری جانب پاکستان
کے جعلی پاسپورٹس پر 12 ہزار سے زائد افغانیوں کا سعودی عرب پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ادھر سعودی عرب نے پاکستانی پاسپورٹس پر جانے والے 12 ہزار افغانیوں کی نشاندہی کی جس پر وزارت داخلہ نے بارہ ہزار سے زائد افغانیوں کو جعلی پاسپورٹس کے اجرا پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کیلیے اعلیٰ سطح پر کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں جو جعلی پاسپورٹس جاری کرنے والوں کی نشاندہی کریں گے اور ملوث افراد کی فہرست تیار کریں گے جس کے بعد ایسے تمام عناصر کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ مراکزسے افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو رضا کارانہ طور پر یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کی مہلت کے سرکاری اعلان کے بعد افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حکومت پاکستان سے اس پالیسی پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو رضا کارانہ طور پر یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر دیے گئے وقت میں ایسے افراد واپس نہیں جاتے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے انھیں ڈی پورٹ کریں گے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان کی جانب سے اس اعلان پر ردعمل میں پاکستان میں افغان مہاجرین کے ساتھ سلوک کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’پاکستان کے سکیورٹی مسائل میں افغان مہاجرین کا کوئی ہاتھ نہیں۔‘
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/passport-pakistan-afghan.jpg