
پاکستان پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر 2007 کو بینظیر بھٹو کے قافلے پر ہونے والے بم دھماکے کی یاد میں 17 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کا جلسہ کراچی کے جناح باغ میں منعقد کیا جائے گا جس سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پارٹی رہنما خطاب کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے جلسہ عام کے اعلان کے بعد پارٹی انتظامیہ نے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں، پارٹی کے مقامی و صوبائی رہنماؤں نے کارکنان سے جلسہ گاہ آتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی نے ڈپٹی کمشنرکراچی شرقی کو درخواست دے کر جلسے کی باقاعدہ اجازت بھی طلب کرلی ہے، درخواست میں جلسے کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت بھی مانگی گئی ہے۔
یادرہے کہ سال 2007 میں اکتوبر کی 18 تاریخ کی شام سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس لوٹی تھیں، اس موقع پر پارٹی کے جیالوں نے کراچی ایئرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا ، بینظیر بھٹو کی واپسی کے دوران قافلے پر یکے بعد دیگر ے 2 دھماکے ہوئے جس میں درجنوں پارٹی کارکنان جاں بحق اورسینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/92zQ7cn/8.jpg