
ملک بھرمیں آٹے کا بحران اور قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں آٹا کس قیمت پر فروخت ہورہا ہےاس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ تو دیکھا گیا ہے تاہم مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں واضح طور پر فرق بھی ریکارڈ کی گیا ہے، ہر شہر میں آٹے کی قیمت دوسرے شہر سے مختلف ہے، کسی شہر میں قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا تو کسی شہر میں قیمتیں ابھی اس درجے تک بڑھائی نہیں گئی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں اس وقت سب سے مہنگا آٹا بلوچستان کے علاقے خضدار میں فروخت ہورہا ہے، یہاں لوگوں کو 20 کلو آٹے کا تھیلا2 ہزار 720 روپے میں خریدنا پڑرہا ہے، جبکہ پنجاب کے متعدد شہروں میں آٹے کی قیمت ملک میں سب سے کم ہے۔
خضدار کے بعد سب سے زیادہ قیمت کوئٹہ میں رہی جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا2ہزار650 روپے میں فروخت ہوا، کراچی میں قیمت 2ہزار 600 روپے رہی، خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 2ہزار550 روپے، گوجرانوالہ میں 2ہزار533 روپے رہی۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلےڈھائی ہزار، ملتان و لاڑکانہ میں 2ہزار 400 روپے ، سکھر میں 2 ہزار 380 روپے ، حیدرآباد میں1 ہزار 960 روپے قیمت رہی۔
پنجاب کے کچھ ضلع ایسے ہیں جہاں کے باسیوں کو اس وقت بھی سب سے کم قیمت میں آٹا دستیاب ہے، ان شہروں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد ، سرگودھا اور سیالکوٹ شامل ہیں جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1ہزار295 روپے ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/pk-flourhahaa.jpg