
عالمی فٹبال کی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی ختم ہونے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔
ایکسپریس نیوز نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی کا فیصلہ واپس لینے کی تیاری ہوچکی ہے، جلد ہی یہ فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ امکانات وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور فہمیدہ مرزا کی اپنے بیرون ملک دورے کے دوران پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی سے ملاقات کے دوران ہونےوالی بات چیت کے بعد روشن ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزارت بین الصوبائی کی جانب سے پنجاب حکومت کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں فیفا ہاؤس کا قبضہ نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی بین الاقوامی سطح پر پاکستانی فٹ بال کی بحالی کا سفر شروع ہوجائے گا ، نارملائزیشن کمیٹی فیفا ہاؤس کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد الیکشن کروا کر منتخب ہونے والی باڈی کو پی ایف ایف کا چارج سونپے گی۔
یادرہے کہ فیفا کی نامزد کردہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو اشفاق حسین گروپ کی جانب سے فیفا ہاؤس سے بے دخل کردیا گیا تھاجس کے بعد فیفا نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہر قسم کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت پر پابندی عائد کردی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14fifiapfa.jpg