پاکستانی فضائی حدود کی بندش: بھارتی ایئرلائنز کو 225 کروڑ روپے کا نقصان

screenshot_1746389313631.png



پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو 10 دنوں میں 225 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، پاکستان کی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے گزشتہ 11 دنوں سے بند ہیں، جس کے نتیجے میں 1,150 بھارتی پروازیں متاثر ہوچکی ہیں۔


پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی ایئرلائنز کی مختلف پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں ایئرانڈیا، اکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس شامل ہیں۔ فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی طیاروں کو بحر عرب کا طویل روٹ اختیار کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان کے آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، اور اس کا مالی اثر ایئرلائنز پر پڑا ہے۔


ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود 23 اپریل سے 23 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کے ردعمل میں اٹھایا گیا تھا۔


واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے تجارت اور واہگہ بارڈر کی بندش کے ساتھ ساتھ بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارت کی فضائی کمپنیوں کو نہ صرف اضافی اخراجات کا سامنا کروایا ہے بلکہ اس سے ان کی آپریشنل کارکردگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
 

Back
Top