
امریکا میں پاکستان کے سفیرمسعود خان کی وائٹ ہاؤس میں صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہوئی،پاکستانی سفیر نے تعنیاتی کی دستاویزات پیش کیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے پاک امریکا تعلقات آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، صدر جوبائیڈن نے پاک امریکا تعلقات آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس بنیادیں قائم کرنے کی خواہش بھی ظاہرکی۔
پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا امریکا کے ساتھ ہرشعبے میں کام کرنے کے خواہاں ہیں،امریکی صدر سے دیگر چھیالیس ممالک کے سفیروں نے بھی ملاقات کی۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت تمام میدانوں میں امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
سردار مسعود خان نے واشنگٹن پہنچنے کے بعد اپنی اسناد سفارتی چیف آف پروٹوکول کو دی تھیں جنہیں 19 اپریل 2022 کو باضابطہ طور پر قبول کرلیا گیا تھا،صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے موقع پر لی گئی رسمی تصویر ہی اس پورے عمل کو مکمل کرتی ہے۔
پاکستانی سفیر نے روایتی فوٹو سیشن میں شرکت کی،دیگر ممالک کے46 سے زائد سفیر بھی روایتی فوٹو سیشن میں موجود تھے،امریکی صدر جوبائیڈن نے ہر سفیر کے ساتھ الگ الگ تصویر بنوائی۔
کورونا کے باعث کئی سفیر ایک سال سے صدر جوبائیڈن سے ملاقات کے منتظر تھے۔
https://twitter.com/x/status/1536927213999767552
دوسری جانب پاکستان میں نامزد امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے لیے استقبالیہ تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوگی،ڈونلڈ بلوم جولائی میں باضابطہ اسناد سفارت پیش کرینگے، ان کے اسناد پیش کرنے میں تاخیر ان کی مصروفیات کے باعث ہورہی ہے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے لیے استقبالیہ تقریب کیلیے امور امریکی سفارتخانے کی مشاورت ،سفارتی طریقہ کار، پروٹوکولز کے تحت طے ہوچکے ہیں،ڈونلڈ بلوم امریکا واپسی پر ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرینگے۔