
لوگوں کے خون سفید ہونے لگے، صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے چونگ میں واقع ایک فارم ہائوس پر پانی پینے کیلئے آنے والے 7 برس کے بچے پر سکیورٹی گارڈ فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے چونگ کے میں واقع ایک فارم ہائوس پر پانی پینے کیلئے آنے والے فہد نامی 7 برس کے بچے پر سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، پولیس نے مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق 7 سالہ بچہ کرکٹ کھیلنے کے دوران پانی پینے کے لیے فارم ہائوس پر گیا تھا جہاں پر سکیورٹی گارڈ ملزم نذیر نے فائرنگ کر کے بچے کو قتل کر دیا۔ چند دن پہلے بھی بچہ پانی پینے کے لیے مذکورہ فارم ہائوس پر گیا تھا جہاں کے سکیورٹی گارڈ ملزم نذیر نے اسے پانی پینے سے روکا تھا اور وہاں پر آنےسے منع کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نذیر نے بچے کے جاں بحق ہونے کے بعد واقعے کو چھپانے کی کوشش تاہم موقع پر موجود محلے داروں کے دیکھنے پر وہاں سے فرار ہو گیا، ملزم کو پولیس نے اوکاڑہ فرار ہونے کی کوشش کے دوران بس اڈے سے گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں فارم کے سکیورٹی گارڈ نذیر کے علاوہ 2 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعہ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے چوہنگ کے قریب واقع گرائونڈ میں بچے اتوار کی شام کرکٹ کھیل رہے تھے کہ فہد نامی 7 سالہ بچہ پیاس لگنے پر قریب ہی موجود ایک فارم ہائوس کے باہر موجود نلکے سے پانی پی رہا تھا کہ سکیورٹی گارڈ نذیر طیش میں آگیا اور رائفل سے فائرنگ کر دی۔ ایک گولی بچے کے چہرے پر لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔