
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں سیمی فائنل میں رسائی کیلئے مقابلے جاری ہیں، تاہم اب ہار اور جیت کے علاوہ اگلے مرحلے کیلئے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گروپ ون میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اسے بھی ایونٹ سے باہر نکال دیا، سری لنکا خود پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکا تھا اس نے ویسٹ انڈیز کو بھی جیت کر آگے جانے نہیں دیا اور اپنے ساتھ ہی ورلڈ کپ سے باہر کردیا ۔
اب دونوں گروپس کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو گروپ 1 میں انگلینڈ چار میچ کھیل کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا 4میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جنوبی افریقہ نے بھی اپنے 3 میچ جیت لیے ہیں مگر انگلینڈ کے مقابلے میں رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے اس کا نمبر تیسرا ہے۔

گروپ کی باقی 3 ٹیمیں سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں اور یہ تینوں ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں، اس گروپ میں انگلینڈ کی ٹیم کےسیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہیں، تاہم آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایک ٹیم آگے جائے گی، اس کا فیصلہ دونوں ٹیموں کے آخری میچ کے بعد ہی ہوسکے گا۔
گروپ ون میں آسٹریلیا کا آخری میچ ویسٹ انڈیز سے اور جنوبی افریقہ کا آخری میچ انگلینڈ سے ہے ، دونوں اپنے میچ جیت جائیں تو سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
گروپ 2 میں پاکستان اپنے 4میں سے چاروں میچ جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، افغانستان 4 میں سے 2 میچ جیت کر دوسرے نمبر پر، نیوزی لینڈ نے 4 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 3 جیت کر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

دیگر تین ٹیموں میں بھارت 3 میچ کھیل کر 1 فتح کے ساتھ چوتھے، نمیبیا پانچویں اور اسکاٹ لینڈ چھٹے نمبر پر ہے، اس گروپ میں پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کیلئے نیوزی لینڈ، بھارت اور افغانستان کے درمیان اگر مگر کا کھیل پیدا ہوگا۔
گروپ 2 میں نیوزی لینڈ کا ایک میچ افغانستان سے بھی ہوناباقی ہے، میچ جیتنے کی صورت میں اس کے 8 پوائنٹس ہوجائیں گے، جبکہ بھارت کے بھی نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ 2 میچ باقی ہیں، یہ دونوں میچ جیت کر بھارت کے 6 پوائنٹس ہوجائیں گے۔
اگر نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچز میں سے ایک بھی ہار گیا تو بھارت کیلئے ایونٹ میں واپسی کا امکان روشن ہوجائے گا، بصورت دیگر اپنے میچز جیتنے کے باوجود بھارت ایونٹ سے باہر ہوجائےگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8agarmgr.jpg